پی ایچ ڈی دینی سکالر مفتی محمد طیب الأزھری کا سنت ابراهیمی علیہ السلام کی اتباع میں جانوروں کی  قربانی پر بیان

28

ملتان، 04 جون (اے پی پی ): پی ایچ ڈی دینی سکالر مفتی محمد طیب الأزھری نائب مہتمم،  وائس چیئرمین جامعہ الفاروقیہ ٹرسٹ شجاع آباد نے ذی الحجہ کی آمد پر سنت ابراهیمی علیہ السلام کی اتباع میں جانوروں کی  قربانی کے موضوع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سورۃ الحج میں اللہ رب العزت ارشاد فرماتے ہیں کہ اللہ نے ہر  امت کے لیے قربانی کا ایک طریقہ متعین کیا ہے  تاکہ لوگ اللہ کے رزق میں سے چوپائیوں پر اللہ کا نام لے کر انہیں قربان کر سکیں، قربانی کا یہ سلسلہ ہر امت میں رہا اس کی تاریخ انسانی تاریخ جتنی قدیم ہے۔

انہوں نے امت محمدیہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم میں سنت ابراہیمی کی اتباع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ میں دس سال گزارے ہر عید پر آپ نے جانوروں کی  قربانی فرمائی۔

انہوں نے قربانی کی فضیلت بیان کرتے ہوئے قرآن پاک کی سب سے مختصر سورہ مبارکہ الکوثر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ” میرے محبوب ہم نے تو آپکو بہت بڑا خیر عطا کی ہے بہت بڑی عظمت اور شان عطا کی ہے جس کا تقاضہ یہ ہے رب کے لیے نماز بھی پڑھیں اور قربانی بھی کیجئے  “۔

قربانی بارے  حکم کی وضاحت میں انہوں نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ صل اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا جس کے پاس استطاعت ہے وہ قربانی نہیں کرتا تو وہ ہماری عید گاہ میں  نماز پڑھنے نہ آئے۔