ڈپٹی کمشنر سرگودہا کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس

40

سرگودھا,29جون  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے ضلع میں امن عامہ اور مذہبی ہم آہنگی کی مثالی فضا برقرار رکھنے میں امن کمیٹی کے ارکان کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی اتحاد و اتفاق اور بھائی چارہ پائیدار امن کی ضمانت ہے۔جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور ان کے پیروکاروں کا جذبہ امن لائق تحسین ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر نے ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے ہمراہ اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، سی او ایم سی، ایم ایس ڈی ایچ کیو، اور ڈی او سول ڈیفنس سمیت امن کمیٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں برداشت، صبر اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ اس مقدس مہینے میں بھی امن قائم رکھنے کے لیے ہم سب کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے انتشار پھیلانے والوں کو نکالنا ہوگا۔ سوشل میڈیا انتشار کی بڑی وجہ بن سکتا ہے جس کو کاؤنٹر کرنے کے لیے امن کمیٹی کے ممبران کو انتہائی اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں کو ہرممکن سہولیات یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی اپنی تحصیلوں میں عزاداری جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات کا خود جائزہ لے کر تمام انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اپنا مسلک چھوڑو نہیں دوسرے کاچھیڑو نہیں کے اصول پر کاربند رہ کر ہم انتشار سے بچ سکتے ہیں۔ مجالس اور جلوسوں کے اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی پی اوسرگودھا نے کہا کہ اس شہر کو ہم نے اپنے قول و فعل سے امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ ہم سب کا ایک ہی نظریہ ہے کہ اس شہر کا امن کسی صورت خراب نہیں ہونے دینا۔ ہمیں اپنے منبرو محراب سے بھی بھرپور امن کا پرچار کرنا ہوگا۔ لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔ انہوں نے تاجروں سے تجاوزات کے خاتمہ کے لیے  کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام جلوسوں و مجالس کی فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک کے متبادل نظام کی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔ اجلاس میں ممبران امن کمیٹی نے بھی اظہار خیال کیا۔آخر میں ملکی سلامتی و استحکام  کے لئے بھی دعا کی گئی۔