گہرے پاک چین تعاون کے لیے میڈیا کا کردار اہم ہے؛ قونصل جنرل یانگ یونڈونگ

30

 

  کراچی،03 جون (اے پی پی ): عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے کہا  ہے کہ گہرے پاک چین تعاون کے لیے میڈیا کا کردار اہم ہے، چینی سفارتکار، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) دونوں ممالک کے میڈیا کارپوریشنز کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔

وہ پیر کو یہاں  قونصلیٹ میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے عہدیداران کی میزبانی کر رہے تھے۔ عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے کہا کہ بدقسمتی سے آج تک بہت سے پاکستانی چین نہیں دیکھ سکے، لیکن ہم مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور پر امید ہیں کہ پاکستان میں ہمارے دوست چین کا دورہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام فورمز پر چین کے لیے پاکستان کی حمایت کو دل کی گہرائیو ں سے سرہاتے ہیں، یہ ہماری دوستی کی ترجمانی کرتا ہے۔

 قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے مزید کہا کہ ہماری توجہ دونوں ممالک کے میڈیا کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون پر ہونی چاہیے اور اے پی این ایس اس خلیج کو پر کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ جہاں پاکستان کی برآمدات، زراعت، صنعتی تعاون اور تجارت بڑھانے کے لئے زیادہ اہم ہے تو وہیں نچلی سطح پر لوگوں کی زندگیوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے بھی اتنا ہی ضروری ہے ۔

اے پی این ایس کے وفد کی قیادت اس کے سیکرٹری جنرل سینیٹر سرمد علی خان کر رہے تھے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرمد علی نے کہا کہ پاکستان زراعت، کان کنی، ہوٹل کی صنعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی توقع کر رہا ہے اور اس میں چین کو ایک اہم عنصر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر کو ایک شہر کے طرز پر ترقی دینے کی ضرورت ہے، نئے ہوائی اڈے کی تعمیر سے رابطوں کو بڑھانے کے مزید مواقع فراہم ہوں گے، گوادر میں زمین اور ہوٹلوں کی ترقی بھی ضروری ہے۔

سرمد علی نے کہا کہ  کچھ چینی میڈیا کے اسلام آباد میں دفتر ہیں جیسے کے ‘پیپلز ڈیلی’،اور ‘Xinhua نیوز ایجنسی’، اور مزید ادارو کی آمد متوقع ہے۔انہوں  نے کہا کہ چین پاکستان کا ہمیشہ مدد کو آنے والا دوست ہے،چینی لوگوں کے دل میں پاکستان کے لیے ایک خاص مقام ہے اور وہ ہمیں آئرن برادر ‘Batie’ کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  سی پیک  کا دوسرا مرحلہ برآمدات اور تجارت میں پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

شرکا میں ڈپٹی سی جی مسٹر ژانگ ہاو، اے پی این ایس کے فنانس سیکرٹری شہاب زبیری، ڈاکٹر تنور، مسٹر شمسی، مسٹر قاضی اسد عابد، مسٹر یونس مہر، مسٹر اطہر قاضی، مسٹر قاضی سجاد عباسی، مسٹر ایم بلال فاروقی، دیگر حاضرین میں زاہد کرانی، مصطفی کرانی اور یوسف کرانی شامل تھے۔اے پی این ایس کے وفد نے سی جی یانگ یونڈونگ اور ان کے ساتھیوں کا مہمان نوازی اور محبت بھرے چینی کھانوں سے توازن پر انکا شکریہ ادا کیا۔