صوبہ بھر میں امن و امان کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے؛ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق

26

 

 

لاہور،3جون  (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین سب کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھر میں امن و امان کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں منشیات فروشوں،پتنگ ساز فیکٹریوں اور بجلی چوروں کے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پیر کو یہاں  محکمہ داخلہ میں سب کیبنٹ کمیٹی برائے لا ءاینڈ آرڈر کے چھٹے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے بطور کمیٹی ممبر کے شرکت کی۔اجلاس میں ہوم سیکرٹری نور الامین مینگل، سپیشل سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل آئی جی ریاض نذیر گارا، اے آئی جی ڈویلپمنٹ صاحبزادہ بلال عمر، ڈی جی شاہد اقبال و دیگر نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال،عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات اور پیرول پر قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔متعلقہ افسران نے اجلاس کے دوران بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس لگانے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران تین قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ عیدالاضحی کے موقع پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن کی منظوری بھی دی گئی ہے۔