بزنس فسیلیٹیشن سنٹر میں سیالکوٹ کی کاروباری برادری کو  تمام تر سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں؛ سید حیدر منیر

10

سیالکوٹ، 26 جولائی (اے پی پی): مینجر سیالکوٹ بزنس فسیلیٹیشن سنٹر سید حیدر منیر نے کہا ہے کہ  بزنس فسیلیٹیشن سنٹر میں سیالکوٹ کی کاروباری برادری کو این او سیز سمیت تمام تر سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں ۔

جمعہ کو قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) کو  ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ نگراں دور حکومت میں13 فروری کو سیالکوٹ بزنس فسیلیٹیشن سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری عبدالغفور ملک نے اس بی ایف سی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک بی ایف سی سیالکوٹ میں تقریباً دو ہزار کے لگ بھگ مختلف  درخواستیں جمع ہوئی ہیں جن میں سے سولہ سو کے قریب این او سیز جاری بھی کیے جا چکے ہیں۔

سید حیدر منیر نے بتایا کہ ہم نے اپنے صارفین کی سہولت کے لیے نادرا ای سہولت، ٹریفک پولیس ، سٹی پولیس، کسٹم، واپڈا اور سوئی نادران گیس پائپ لائن کے ڈیسکس قائم کر رکھے ہیں جن کے ذریعے ہم لوگوں کے این ٹی این لاگنز بنا رہے ہیں، پی ایس ڈبلیو لاگنز بنا رہے ہیں، کریکٹر سرٹیفکیٹس ، انٹرنیشنل لائسنسز بنا رہے ہیں جبکہ لوکل ٹریفک  لائسنسز کا بھی  جلد ہی اجراء کر رہے ہیں، اس کے علاوہ فوڈ انڈسٹریزسے متعلقہ فوڈ لائسنسز  سمیت سیالکوٹ کی لوکل صنعت سرجیکل کے لیے فری ہیلتھ سرٹیفکیٹس کا اجراء بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ صارفین کو دوسرے اداروں کی جھنجھٹ سے بچایا جائے اور یہاں سے ہی این او سیز کا اجراء ہو جائے ۔

مینجر سیالکوٹ بزنس فسیلیٹیشن سنٹر سید حیدر منیر نے بتایا کہ ہماری اگلی کوشش اب یہ ہے کہ  ٹریفک ڈرائیونگ ٹیسٹ کا بھی اجراء کیا جائے جس کے لیے ہماری تمام تر تیاری مکمل ہے اور تمام تر سہولیات بھی موجود ہیں صرف ڈی ایس پی ٹریفک کی جانب سے اجازت درکار ہے جس کے بعد چیمبر ممبران کو ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت بھی یہیں میسر ہو گی۔

مینجر بی ایف سی کا کہنا تھا کہ این ٹی این  سرٹیفکیٹس سمیت پارٹنر شپ فارمز کے لیے ہم نے بہت زیادہ سہولیات فراہم کی ہیں اور ان کے حصول کے لیے جہاں لوگوں کو پہلے پیسے دینے پڑتے تھے لیکب اب یہاں سے بالکل مفت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی احسن اقدام ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس بارے آگاہی ملے اور سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اس سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ  بزنس فسیلیٹیشن سنٹرز کے قیام کا اقدام  انتہائی احسن تھا کیونکہ بی ایف سی کے قیام سے کاروباری برادری کو ان کے کاروبار سے متعلق تمام تر سہولیات اب ایک ہی چھت تلے میسر ہیں اور اب انہیں مختلف  محکموں کے دھکے نہیں کھانے پڑتے بلکہ ایک ہی چھت تلے انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے کاروباری برادری بہت خوش دکھائی دیتی ہے۔