سرگودھا،20 جولائی (اے پی پی ):تعلیمی بورڈ سرگودھا کے بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 2024-25 کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے، بجٹ کا کل تخمینہ ایک ارب 81 کروڑ 23 لاکھ 19 ہزار 362 روپے لگایا گیا ہے۔
بی او جی کا اجلاس ہفتہ کے روز کمشنر سرگودھا ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد اجمل بھٹی کی زیر صدارت ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری بورڈز ہائیر ایجوکیشن نعمان جمیل اور سیکرٹری ابو الحسن نقوی سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔
سیکرٹری ابو الحسن نقوی نے بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ امسال متوقع اخراجات کا تخمینہ ایک ارب 80 کروڑ 11 لاکھ 70 ہزار 692 روپے لگایا گیا ہے۔ انتظامی اخراجات کے لیے 54 کروڑ 60 لاکھ 75 ہزار سات سو روپے ، بورڈ کے آپریٹنگ اخراجات کے لیے 66 کروڑ 75 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ۔ لیگل ٹیم کے لیے 15 لاکھ روپے ، کمیونکیش کی مد میں ایک کروڑ 52 لاکھ روپے, یوٹیلیٹی کی مد میں ایک کروڑ 55 لاکھ روپے، آبیانہ ، اور گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکسز کے لیے 12 لاکھ روپے ، کانٹیجنسی کی مد میں 50 لاکھ روپے ، ٹی اے و پٹرول وغیرہ کی مد میں پانچ کروڑ 41 لاکھ روپے اور جنرل اخراجات جس میں سٹیشنری ، سمینار کے انعقاد ، کورسز، کانفرنسز وغیرہ کے لیے ایک کروڑ 32 لاکھ روپے اور کنڈکٹ آف ایگزامیشن کی مد میں 32 کروڑ 24 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آن لائن سروسز اور ہنگامی اخراجات کے لئے 38 لاکھ روپے ، سٹور پرچیز ز کی مد میں 30 کروڑ 41 لاکھ روپے، کھیلوں کے فروغ کے لیے 66 لاکھ 50 ہزار روپے، پنشن کی مد میں 56 کروڑ روپے ، ذہین طلباء کو بطور قرضہ حسنہ دینے کی مد میں 3 کروڑ 2 لاکھ 60 ہزار روپے ، وظائف کی مد میں دو کروڑ 60 لاکھ روپے , بورڈ ملازمین کو قرضہ کی فراہمی کے لیے 30 لاکھ 60 ہزار روپے ، امتحانی مراکز پر کیمروں کی تنصیب کے لیے بجٹ میں دو کروڑ 10 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ، پرنٹنگ کی مد میں ایک کروڑ 50 لاکھ روپے، مشنری مرمت کی مد میں 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔
بورڈ کے بجٹ مالی 2024-25 میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 75کروڑ 61 لاکھ 25 ہزار پانچ سو روپے رکھے گئے ہیں۔ یہ اخراجات بورڈ عمارت کی سولرایزیشن ، نئے ملٹی پرپل عمارت کی تعمیر ، سپورٹس جمنیزیم کی تعمیر اور ملازمین و افسران کی رہائش گاہوں کی مرمت و بحالی پر خرچ کیے جائیں گے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ادارہ کے اکاؤنٹ میں 50 کروڑ روپے موجود ہیں۔ بی او جی چار نکاتی ایجنڈا کی بھی منظوری دی ۔
اجلاس میں طے پایا کہ آئندہ امتحانات ڈیوٹی کے لیے پورٹل کے زریعے استاتذہ کی درخواستیں وصول کی جائیں گئیں تاکہ تمام استاتذہ کو یکساں ڈیوٹی کے مواقع ملیں اور انہیں ادائیگیاں بھی آن لائن کی جائیں گئیں۔ کمشنر و چیئرمین نے بورڈ کا تمام نظام آن لائن کرنے کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔