تھرپارکر؛ محرم الحرام کے سلسلہ میں پولیس اور رینجرز کا مٹھی، ڈیپلو میں فلیگ مارچ

15

تھرپارکر،14 جولائی (اے پی پی):  محرم الحرام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی، ایس ایس پی تھرپارکر شبیر احمد سیٹھار اور ونگ کمانڈر وسیم اختر کی رہنمائی میں مٹھی اور ڈیپلو شہر میں فلیگ مارچ کیا گیا،جس میں شہروں کے تمام خارجی راستوں کا گشت کیا۔ اس موقع پر مٹھی اور ڈیپلو کی امام بارگاہوں کا دورا کر کے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے اسسٹنٹ کمشنر سمیت دیگر عملداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مسئلہ ہو تو بروقت رابطہ کرکے حل کیا جائے، اس میں کوئی بھی غفلت ناقابل برداشت ہوگی۔

 اس کے علاوہ اسلام کوٹ اور ننگرپارکر شہروں میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت رینجرز اور پولیس نے امام بارگاہوں کا دورا کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ننگرپارکر میں پاک رینجرز 36 ونگ کے ڈی ایس آر شہباز، اسسٹنٹ کمشنر روشن علی کی رہنمائی میں محرم الحرام کے حوالے سے امن امان کو برقرار رکھنے کے لیے فلیگ مارچ کیا گیا، اس موقع پر ننگرپارکر میں امام بارگاہوں کا دورہ کر کے سکیورٹی سمیت پانی، صفائی اور بجلی سمیت جلوسوں کے گذرگاہ راستوں سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر انہوں امام بارگاہوں کے متولی سے ملاقات کرکے تفصیل معلوم کیا۔