اسلام آباد، 22 جولائی (اے پی پی ):رکن قومی اسمبلی شائستہ خان نے کہا ہے کہ حکومت نےموسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے شجر کاری ،پولیتھین بیگ پر پابندی سمیت متعدد اقدامات کیے ہیں ،ہم سب کو شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
قومی خبر رساں ادارے ایسوسٹیڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سے خصوصی انٹرویو میں رکن قومی اسمبلی شائستہ خان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی بہت اہم مسئلہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف اس مسئلہ پر ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں ،انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کا مسئلہ سے نمٹنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، خاص طور پر پولیتھین بیگ پر پابندی نمایاں اقدام ہے جس پر موثر عملدرامدکیا جارہا ہے ۔
شائستہ حان نے کہا کہ شجر کاری مہم میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خود اقدامات کیے، اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاکستان گرین انیشیٹو لیا اور ڈی فورسٹریشن پر بھی کام کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے بڑا اچھا لائحہ عمل احتیار کیاہے،سیلاب سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیارکی جا رہی ہیں، شجر کاری کی جا رہی ہے کیونکہ اس سے سیلاب کی شدت کم کرنے میں مدد ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ کرش پلانٹ کی وجہ سے پہاڑ ختم ہو رہے ہیں کرش کی وجہ سے مقامی آبادیوں کو نقصان ہو رہا ہے ،سیوریجز کو بلاک کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف الیکٹرک وہیکل، سولر پاور پلانٹس سمیت متبادل توانائی کے منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں جس سے ہمیں بہت فائدہ ملے گا ۔
شائستہ حان نے کہا کہ ٹمبر مافیا کو روکنے کے لیے گراس روٹ لیول پر کام کرنا ہوگا ،ہر بندے کو واچ ڈاگ کا کام کرنا ہوگا، ہمیں سوشل میڈیا کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بالخصوص بچوں ،نوجوانوں سمیت سب میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی،ہمیں شجر کاری مہم میں حصہ ڈالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ضائع شدہ مواد کو تلف کرنے پرکام کرنا ہوگا ،5.2 ملین لوگ انفیکشن امراض سے مر رہے ہیں جس میں چار ملین لوگ بچے ہیں ۔