ملتان،01 جولائی(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے کہا کہ حکومت پنجاب امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے تعاون کی خواہاں ہے۔ امن کیلئے ضلعی انتظامیہ کو مکمل اختیارات تفویض کیے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کو محرم الحرام کے جلوسوں کی مرمت کا ٹاسک سونپا جاچکا ہے۔معیاری کام کیلئے جلوسوں کے روٹس کی مرمت کا ٹینڈر کیا جاچکا ہے۔ سی اینڈ ڈبلیو کو بھی ان بورڈ لیا گیا ہے اور محکمہ پنجاب ہائی وے تمام پیچ ورک کرے گا۔ میپکو حکام سے رابطہ میں ہیں۔جلوسوں کے روٹس سے بے ہنگم لٹکتی تاروں کی درستگی کیلئے بھی ہدایت دی جاچکی ہیں جبکہ متعلقہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے اور کم وولٹیج کے سدباب کیلئے بھی لکھا گیا ہے۔کمشنر مریم خان نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت کیلئے جلوسوں کے روٹس پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے۔واسا کو گٹروں کے ڈھکن تبدیل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
آر پی او ملتان کیپٹن ر سہیل چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے پہلے 10 روز 910 جلوس، 3182 مجالس ہوں گی۔محرم الحرام میں امن و امان کیلئے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا جاچکا ہے۔ڈویژن میں 10 ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔ قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں برداشت،صبر اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ علی رضا گردیزی نے کہا کہ مذہبی شدت پسندی کے خاتمہ وقت کی ضرورت،قیام امن کیلئے ناگزیر ہے۔مظہر گیلانی نے کہا کہ امن کی فضا قائم رکھنے میں ہم سب کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔علامہ فاروق خان سعیدی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق مذہبی منافرت پر مبنی مواد پر کارروائی ہونی چاہیے۔ مزین عباس چاون نے کہا کہ محرم الحرام محترم مہینہ، امن وقت کا تقاضہ ہے۔ ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ امن کمیٹی کے اراکین داعی امن ہیں اور امن کے قیام کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم بھی کیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو، سی پی او صادق ڈوگر،ایڈیشنل کمشنر عبدالجبار، سید اصغر علی نقوی، انجینئر سخاوت علی، صاحبزادہ انوار الحق مجاہد، خاور حسین بھٹہ، عنایت اللہ رحمانی، علامہ عبدالحق مجاہد، سید عون رضا شمسی،مولانا زبیر احمد صدیقی، صدر چیمبر آف کامرس میاں راشد اقبال،ویڈیو لنک پر ڈی سیز، ڈی پی اوز، علماء کرام موجود تھے۔