حکومت پنجاب کی جانب سے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے، خواجہ سلمان رفیق

24

لاہور 6 جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے محرم الحرام کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے دربار بی بی پاک دامن سلام اللہ علیہا کا دورہِ کیا۔

خواجہ سلمان رفیق نے دربار بی بی پاک دامن پر حاضری دی اور ملک و قوم کیلئے دعائیں کیں۔ایس پی سول لائینز عبد الحنان اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی ڈاکٹر انعم فاطمہ نے اس حوالہ سے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بریفننگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے دربار پر جاری توسیعی منصوبے کا جائزہ بھی لیا۔

صوبائی وزیر صحت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر عزاداروں کیلئے لنگر اور سبیل لگانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

 خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ مجالس و جلوسوں کے تمام روٹس کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اس حوالہ سے محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا۔ محرم الحرام میں بہترین انتظامات کرنا ہم سب کا مذہبی فریضہ بھی ہے۔ اس موقع سرپرست اعلیٰ شعیہ امن کمیٹی دربار بی بی پاک دامن دانش نقوی، چیئرمین آغا فراز، صدر حسنین کاظمی، وائس چیئرمین سید علی اختر نقوی اور جنرل سیکرٹری مبارک حسین بھی موجود تھے۔