خوش رنگ اور خوش ذائقہ چیری،پاکستان کی اہم سوغات

14

اسلام آباد، 03 جولائی(اے پی پی):خوبصورت رنگ اور ذائقے  والی  چیری ذائقے اور مٹھاس کے باعث دنیا  بھر میں بے حدپسند کی جاتی ہے۔دنیا بھر میں چیری کی  متعدد ا قسام پائی جاتی ہیں جو اپنے  ذائقے  اور خوشبو  کے لحاظ سے بھی منفرد ہیں ۔ پاکستان میں  چیری زیادہ تر  شمالی علاقوں مثلاً گلگت، بلتستان اور بلوچستان وغیرہ میں کاشت کی جاتی ہے۔ گلگت  بلتستان کے کئی علاقے جیسے ہنزہ، نگر، یاسین، پھنڈر اور نومل بین الاقوامی سطح پر  چیری پیدا کرنے والے مشہور علاقے ہیں۔

اپنی مثالی آب و ہوا اور زرخیز زمین کے لیے معروف ان علاقوں میں اعلیٰ قسم کی چیری پیدا ہوتی ہے، گلگت بلتستان کی چیری اپنے میٹھے  ذائقے، رسیلے پن اور اعلیٰ غذائیت کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے،  پاکستان کی خوش ذائقہ  اور رسیلی چیری دنیا کی بہترین اقسام  میں سے ایک ہے۔خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کی افادیت کے لحاظ سے  بھی لاجواب ہے ،یہ چھوٹا سا خوب صورت پھل ہمیں زنک،فولاد،پوٹاشیم،مینگنیز اورتانبا فراہم کرتا ہے۔ اس میں شامل پوٹاشیم دل کی دھڑکنوں کو معمول پر رکھتا اور ہائی بلڈ پریشر پر قابو پانے  کے علاوہ  سوزش کو بھی ختم کرتا ہے،چیری میں شامل “بورون“ نامی مادہ ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے جبکہ اس  میں موجود  وٹامن سی  ہماری جِلدکے لیے بہت فائدہ مند ہے اورانفیکشن  روکنے میں مدد دیتا ہے ۔ چیری میں زخموں کو مندمل کرنے اور دانتوں کو مضبوط بنانے ،درد ختم کرنے  اور اعصاب کو پرسکون کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

مقامی کسانوں کو چیری کی کاشت کی  جانب راغب کرنے  ویلیو ایڈیشن اور کولڈ سٹوریج جیسی سہولیات کی فراہمی سے یہ زرمبادلہ کمانے  کا ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔