سرگودھا بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا

289

سرگودھا،09 جولائی(اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے میٹرک کے سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ امتحان میں مجموعی طور پر 96 ہزار 993 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 75 ہزار 273 کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا تناسب 77.61 فیصد رہا۔ طالبات کی کامیابی کا تناسب 82.10 فیصد جبکہ طلباء کی کامیابی کا تناسب 73.43 فیصد رہا ۔سائنس گروپ کی کامیابی کا تناسب 79.34 فیصد اور آرٹس گروپ کی کامیابی کا تناسب 68.69 فیصد رہا۔ پوزیشن ہولڈرز میں انعامات  تقسیم کرنے کی تقریب بورڈ کے ملٹی پرپل ہال میں منعقد ہوئی۔

کمشنر و چیئرمین نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز، لیپ ٹاپ اور کیش انعامات تقسیم کیے ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پوزیشن ہولڈر ان کے استاتذہ اور والدین کو مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا  تعلیم کے میدان میں محنت کے ذریعے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طالب علم ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔انہوں نے  ہمیں ان کی بہترین انداز میں حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ کامیاب اور محفوظ مستقبل کے لیے رہنمائی کرنی چاہیے تاکہ یہ طالب علم پاکستان کا نام روشن کرنے میں اپنا مخصوص کردار ادا کریں۔

 انہوں نے کسی وجہ سے امتحان میں کامیابی حاصل نہ کرنے والے طلباء وطالبات کو ہمت نہ ہارنے اور سخت محنت سے آئندہ امتحان میں اپنی ناکامی کو کامیابی میں بدلے کا درس دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا منور غوث نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے فروغ کے ساتھ معیاری تعلیم پر خاص توجہ دے رہی ہے ۔ سکولوں میں بچوں کو دودھ کی فراہمی ، لیپ ٹاپ سکیم کا اجراء ، وظائف کے فنڈز میں اضافہ اور مزید کالجز و یونیورسٹیز کے قیام سمیت دیگر تعلیم دوست اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہمارے ملک کا مستقبل ان سے وابستہ ہے۔قبل ازیں کمشنر و چیئرمین نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کر نتائج کو آن لائن جاری کیا۔ بعد ازاں کمشنر و چیئرمین محمد اجمل بھٹی نے پاکستان بورڈ کی جانب سے انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ ترکی میں شمولیت کرنے والی سرگودہا کی تین خواتین کھلاڑیوں ماریہ مہک ، صلہ اشرف اور آمنہ تبسم  اور ایک آفیشل روشن ضمیر میں بھی شیلڈز تقیسم کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر سرگودھا ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد اجمل بھٹی  تھے۔  تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی رانا منور غوث، سردار علی حسنین  بلوچ ،ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان ، ڈپٹی کمشنر بھکر علی اکبر بھنڈر ،سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی اور کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی سمیت پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات ان کے والدین، اساتذہ کرام اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔