سکھر،26جولائی(اے پی پی) چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ کی زیر صدارت بجٹ 25-2024 کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سکھر بلڈ بینک اسپتال میں نادار مریضوں کے مفت علاج کے لیے 2 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری، کے علاوہ سول اسپتال سکھر میں ایک اور ایمرجنسی وارڈ کی تعمیر کے لیے 50 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی، فیکٹریوں، کولڈ سٹوریجز، پٹرول پمپس، ایل پی جی سٹیشن شاپس (رجسٹرڈ) پولٹری فارمز اور دیگر تجارتی مراکز پر نئے ٹیکس لگانے کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی،پرانے ٹیکس اور ضلع کونسل کی دکانوں کے کرایوں کو ریوائیز کرنے کی بھی منظوری دی گئی،کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی کے لیے مڈ چوکیوں (پکی چوکیوں) کے قیام کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی،اروڑ یونیورسٹی آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کےلئے ایک بس کی منظوری بھی کثرت رائے سے دی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ دستیاب وسائل سے سکھر کی عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے،سکھر تا کراچی ایئر ایمبولینس سروس کے آغاز کے لئے کمپنی سے مذاکرات جاری ہیں، یونین کونسلز کے اسکولوں اور اسپتالوں میں سولر سسٹم لگانے کے لئے ضلع کونسل سکھر اور ترکیہ کی غیر سرکاری تنظیم تکا میں معاہدہ طے ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ سے ضلع کونسل کے لیے 60 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری کروائی ہے،ضلع کونسل کے تعاون سے داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس سکھر کی تعمیر، داخلہ پروگرام کا آغاز اور طلباءکے لیے وظائف کی منظوری،اروڑ یونیورسٹی آرٹس اینڈ آرکیٹیکچر میں 50 لاکھ کی گرانٹ سے آر او پلانٹ کی تنصیب اور سکھر آئی بی یونیورسٹی میں سی ایس ایس کی کلاسز کے انعقاد کے منصوبوں کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔