اسلام آباد،25جولائی (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے “ضابطہ فوجداری (ترمیمی) بل، 2024” کی 2 دفعات میں ترمیم کا بل منظور کر لیا ہے ، اس بل کی منظوری کے بعد اب قانون نافذ کرنے والے ادارے پابند ہونگے کہ گرفتار کرنے سے پہلے ملزمان کو الزامات سے آگاہی اور ہتک عزت کے مقدمے کے دوران ملزم کی موت کے بعد مقدمہ دفاع کا حق اہل خانہ کو مل سکے گا ۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو سینیٹر فیصل سلیم رحمان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔کمیٹی نے “ضابطہ فوجداری (ترمیمی) بل، 2024” کے عنوان سے بل بھی منظور کیا۔ بل میں سی آر پی سی میں سیکشن 59 اے شامل کرنے اور سیکشن 431 اور 431 اے میں ترمیم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
سینیٹ کمیٹی نے “مہلک حادثات (ترمیمی) بل 2024” کے عنوان سے بل بھی منظور کر لیا۔ بل پیش کرنے والے سینیٹر شہادت نے کہا کہ اس بل کا مقصد فوری انصاف کو یقینی بنانا ہے اور مہلک حادثات میں موت کی صورت میں متاثرین کے قانونی ورثاء کو معاوضہ حاصل کرنے کے قابل بنانا ہے۔