اسلام آباد،11جولائی ( اے ہی پی):”سی پیک اور انسانیت کا مستقبل” کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس کا یہاں انعقاد کیا گیا ۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک کثیر الجہتی میگا پراجیکٹ ہے جو خطے کی مجموعی ترقی اور ترقی کو متاثر کرے گا۔انہوں نے سی پیک کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پورے خطے کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کرے گا۔سی پیک کے حوالے سے صدر آصف علی زرداری کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک سے ملک کے مجموعی معاشی منظر نامے میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے صنعتی شعبے میں انقلاب برپا ہو گا اور لوگوں کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی کا رشتہ مضبوط اور مستحکم ہے،دونوں ممالک امن اور ترقی کے خواہاں ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں ہونے والی مفاہمتی یادداشتوں کو آگے بڑھایا جائے گا، پاکستان اور چین کے درمیان گرین انرجی، تیل و گیس کی تلاش اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی اویس منظور سمرا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران سی پیک کے تحت پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری ہوئی،پاکستان اور چین سی پیک فیز ٹو شروع کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔توانائی اور شاہراہوں کے متعدد اہم منصوبے مکمل ہوئے، فیز ٹو کے دوران پاکستان میں نئی ٹیکنالوجیز لانے میں مدد ملے گی اور روزگار کےنئے مواقع پیدا ہوں گے۔
دیگر شرکاء نے سی پیک کے فوائد،اس کے مستقبل اور خطے پر اس کے مثبت اثرات پر تفصیلی گفتگو کی ۔کانفرنس کے اختتام میں شرکاء میں تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔