لاہور ،31جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ کا 128واں اجلاس منعقد ہوا جس میں 24نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن میں انٹرن شپ ٹریننگ پروگرام کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹرنیز کو ماہانہ 30 ہزار روپے معاوضہ دیا جائے گا ،اس کے علاوہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اسٹیٹ ڈویلپمنٹ رولز 2024کی تیاری کی منظوری بھی دی گئی۔ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون گوجرانوالہ میں وے بریج کے قیام کے لئے این او سی کے اجراء کی منظوری دی گئی اور بتایا گیا کہ یہ وے بریج پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن خود بنائے گا۔ بورڈ نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں بعض پلاٹوں کی بحالی کی بھی منظوری دی۔ بحال شدہ پلاٹوں کے مالکان تمام واجبات کی بروقت ادائیگی اور ایک سال کے اندر صنعتی یونٹ لگانے کے پابند ہوں گے۔ بورڈ نے پیسک کے گریڈ ایک سے 14تک کے ملازمین کیلئے مہنگائی الاؤنس کی منظوری دی اور گریڈ 15اور اس کے اوپر کے ملازمین کیلئے مہنگائی الاؤنس کا فیصلہ آئندہ اجلاس تک موخر کیا۔
اجلاس نے پیسک ہاؤس کے ریوائزڈ پی سی سی۔ون کی منظوری دی اور میٹل کرافٹ آرٹس ویلج شیخوپورہ اور نیشنل کالج آف آرٹس کے مابین اشتراک کیلئے معاہدے کی منظوری دی۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ خود روز گار سکیم کے حوالے سے پیسک اور اخوت تنظیم کے مابین اشتراک کے معاہدوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور اخوت کے مابین تمام معاہدے مدت پوری کر چکے ہیں آئندہ کے لائحہ عمل بارے بورڈ سفارشات صوبائی کابینہ کو منظوری کیلئے بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ نے پیسک کے نئے مالی کے بجٹ کا معاملہ موخر کردیا جبکہ ذیلی کمیٹی آئندہ 10روز میں بجٹ کے خدوخال کا جائزہ لے گی ۔ بورڈ نے پیسک کے بعض دیگر انتظامی اور مالیاتی امور کی منظوری بھی دی ۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوس روڑ پر زیر تعمیر پیسک ہاؤس تکمیل کے قریب ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب افتتاح کریں گی، صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ صنعتی یونٹس میں ٹائر جلائے اور غیر معیاری ایندھن کے استعمال پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
صوبائی وزیر نے پنجاب کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں غیر معیاری ایندھن کے استعمال پر پابندی پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ نئی نسل کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی اور سموگ کی روک تھام میں ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، صنعتی عمل کو تیز کرنے کیلئے صنعتکاروں کو بہترین سہولتیں دی جائیں ۔ سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ ،ایم ڈی پیسک سدرہ یونس اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔