قصور،30 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرمحمد ارشد بھٹی کی زیر نگرانی پتوکی میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی بھٹیوں کے خلاف بھرپور ایکشن کیا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر پتوکی رانا امجد محمود اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات پھول نگر ہما ریاض نے پولیس کے ہمراہ ملکر گملے بنانے والی 14 بھٹیوں کو مسمار کر دیا۔ یہ کاروائیاں چک نمبر 22بھولیوال، چک نمبر 31اور برج مہالم پتوکی میں کی گئیں، زہریلا دھواں چھوڑنے والی بھٹیوں کو کرین کے ذریعے مسمار کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی کے مطابق گملے بنانے والی بھٹیوں کے نیچے پلاسٹک،ریگزین، گندے کپڑے اور کچرا وغیرہ جلا یا جا رہا تھا۔ مسمار کی جانیوالی بھٹیوں کے مالکان کو گزشتہ دوماہ سے نوٹسز جاری کئے گئے تھے۔ایسے یونٹس جو آلودگی کا باعث بن رہے ہیں ان کے خلاف مستقبل میں بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پرضلعی انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ ضلع میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر ایک بھی فیکٹری یا یونٹ نہیں چلنے دیا جائے گا۔ضلع بھر میں سموگ کے خلاف آپریشن جاری ہے۔