محرم الحرام میں ہر صورت میں امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص

17

میرپورخاص۔ 01 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا ہے کہ ماہ محرم الحرام قربانی و ایثار کا درس دیتا ہے اور عشرہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع امن کمیٹی اور ضلع بھر کے مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین سے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے گذر گاہوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے اور اس ضمن میں کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں اور 15مددگار پولیس سینٹر میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے اور تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی بھی کی جائے گی۔

 ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کے ساتھ ایمبولینس ، ڈاکٹرز  اور پیرا میڈیکل اسٹاف اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔