اسلام آباد،3 جولائی(اے پی پی):مون سون بارشوں سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے اس حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مون سون بارشوں کی پیش نظر ہر وہ مشینری تیار ہے جو شہر کو صاف کرنے میں کام آئے گی، رورل ایریاز اور بالخصوص نشینی ایریاز میں بھی مشینری کو پہنچا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مون سون کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں پلان کر رہے ہیں، سب سے پہلے پری مون سون پلان کے تحت نالوں کی صفائی مکمل کی گئی ہے۔
پری مون سون سیزن کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں 111 بریگیڈ، سینی ٹیشن ونگ سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں جائزہ لیا گیا کہ شدید بارش کی صورت میں ایسے تمام ایریاز میں ایس او پیز پر عمل درآمد ہوگا۔شدید بارش کے دوران ہماری ریسکیو ٹیمز جن کے پاس ڈی واٹرنگ سیٹس موجود ہونگے وہ فیلڈ میں موجود ہونگی، اگر کسی کے بیسمنٹ میں پانی آگیا ہے وہ ون فائیو یا ون سکس پہ کال کرسکتا ہے، جہاں پانی کھڑا ہوگا ٹیم فوراً ریسپونس دیتے ہوئے موقع پر پہنچے گی،گزشتہ سال جن ایریاز میں پانی زیادہ کھڑا ہوا وہاں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔تمام محکموں کے ساتھ میٹنگ ہو چکی ہے، تمام ایریاز کی سرویلنس کر لی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ای الیون میں ہونے والے گزشتہ سال واقعہ کی وجہ سے ایسے تمام ایریاز مارک کیے گئے ہیں، سی ڈی اے کا ماحولیاتی ونگ عملی طور پر آن روڈ موجود ہوگا، اگر کوئی درخت گرتا ہے تو وہ اسی وقت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں مون سون کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے اہم فیصلے کئے اورتیاریوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں مون سون سے قبل،دوران بارش اور اربن فلڈنگ کی جانے والی سرگرمیوں پر بھی بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مون سون سے قبل نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
نالوں کی صفائی سیکٹرز، رورل ایریا، سوسائٹیز میں مشترکہ طور پر کی جائے گی۔ مختلف علاقوں میں ریسکیو کیمپ بھی لگائے جائیں گے، نالوں کے اوپر سے تجاوزات ہٹانے کے لئے بھی آپریشنز بھی کئے جائیں گے۔ بارش یا سیلابی صورتحال میں آرمڈ فورسز کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا۔