اسلام آباد،08 جولائی(اے پی پی):پاکستانی ورلڈ یوتھ باکسنگ چیمپئن عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ جسمانی نشوونما اور کھیلوں سے دلچسپی انتہائی ضروری ہے۔
اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ آج کے دورے کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ جسمانی سرگرمیوں میں خود کو مشغول رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ آج سکول کے بچوں میں اپنا ورلڈ اور ایشین چیمپئن ہونے کے تجربات شئیر کیے اور بچوں کو احساس دلایا کہ اگر میں گلگت کے دور دراز علاقے سے آکر پاکستان کیلئے بین الاقوامی اعزازات حاصل کر سکتا ہوں تو آپ لوگ بھی کسی سے کم نہیں دلجوئی کے ساتھ محنت کریں اور اپنے ملک کا نام روشن کریں۔
عثمان وزیر نے طلبہ کو باکسنگ کے تجربات سے متعلق درس دیا اور طلبہ میں باکسنگ گلبز اور کٹس بھی شیئر کیں۔