مظفرآباد، 10جولائی(اے پی پی):وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے دارالحکومت مظفرآباد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے گوجرہ, جلال آباد، سائیں سہیلی سرکاراور طارق آباد نالوں کا معائنہ کیا جبکہ وزراء حکومت فیصل ممتاز راٹھور, جاوید اقبال بڈھانوی, چوہدری محمد رشید اور ملک ظفر اقبال بھی ہمراہ تھے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تمام نالوں میں جہاں آبادی کو خطرہ ہے وہاں لوگوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت دیں۔
وزیر اعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر کہا کہ مون سون بارشوں کی وجہ سے جہاں جہاں آبادی کو خطرہ ہے وہاں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے،نالوں میں پانی کے راستے سے رکاوٹیں دور کی جائیں۔ مون سون کے دوران نالوں کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے، لوگوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے عوام کو موسمی صورتحال سے آگاہ رکھا جائےاور کہا کہ مون سون میں کسی بھی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے ہمہ تن چوکس رہیں، عوام کو ہر ممکن تحفظ اور فوری مدد فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں ۔