لاہور، 2 جولائی۔ ( اے پی پی ) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر کی گورنمنٹ کوٹ خواجہ سعید ٹیچنگ ہسپتال آمد، ایم ایس ڈاکٹر عدنان قمر نے صوبائی وزیر صحت کا استقبال کیا۔خواجہ عمران نذیر ہسپتال میں پرچی کاونٹر، ایمرجنسی ، میڈیکل اور یورالوجی وارڈز میں گئےمریضوں، لواحقین سے فراہم کردہ ادویات سمیت دیگر طبی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے یورالوجی وارڈ میں داخل مسلم لیگی ورکر رانا وارث کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے گلدستہ پیش کیا، انکی عیادت کی مسلم لیگی ورکر نے ہسپتال میں فراہم کردہ علاج معالجہ پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب کو دعائیں دیں، صوبائی وزیر صحت کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےخواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق سی ٹی سکین، ایم آر آئی مشینیں تمام ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں اس مالی سال میں فراہم کردی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں مریضوں کے لئے جلد ٹراما سنٹر بنایا جائیگا، ہسپتال 30-40 لاکھ آبادی کو معیاری طبی سہولیات فراہم کررہا ہے، ہسپتال کی ریوپمنگ کے دوران بیڈز کی تعداد مزید بڑھائیں گے، ہسپتال کو مزید فنڈز فراہم کرکے سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے ہسپتال کی توسیع کے لئے ایم ایس کو ترقیاتی سکیم جلد پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ رواں مالی سال میں پنجاب بھر میں تمام بنیادی و دیہی مراکز صحت کی ریویمپنگ مکمل کرلی جائیگی۔