اسلام آباد، 08جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی علاقہ جات و امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے پیر کو یو این ایچ سی آر کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی کر رہے تھے۔
اجلاس میں سیکرٹری سیفران ظفر حسن، جوائنٹ سیکرٹری مہاجرین آغا وسیم احمد اور چیف کمشنر افغان مہاجرین محمد عباس خان اور وزارت سیفران اور وزارت خارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 45 سالوں سے پاکستان میں افغان مہاجرین کے لیے یو این ایچ سی آر کی مسلسل حمایت کا اعتراف کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا رہا ہے اور انہیں تعلیم اور صحت کی سہولیات کے ساتھ تحفظ بھی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “اس وقت، 1.45 ملین رجسٹرڈ افغان شہری کارڈ ہولڈرز ہیں اور اس میں غیررجسٹرڈ افغان مہاجرین اور دیگر شہریوں کی بڑی تعداد شامل نہیں ہے۔”
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ تشویشناک بات ہے کہ افغان مہاجرین کی امداد اور پاکستان میں ان کی میزبانی کے لیے ترقیاتی فنڈز میں کمی ہے۔
یو این ایچ سی آر کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یو این ایچ سی آر مہاجرین سے متعلق مسائل پر بات چیت کے لیے اکتوبر میں ایک عالمی مکالمے کا اہتمام کرے گا،اس موقع پر پاکستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب دنیا بھر میں پناہ گزینوں اور باقی ماندہ افراد کی مدد کے لیے ایک نئی جہت اور راہیں پیدا کرے گی۔ اعلیٰ سطحی وفد میں یو این ایچ سی آر کے علاقائی دفتر، بنکاک کی ریجنل ڈائریکٹر Hai Kyung Jun، یو این ایچ سی آر کے جنیوا ہیڈ کوارٹر کے خصوصی مشیر برائے ترقی ، ہیرو ڈی ویلروشے اور یو این ایچ سی آر کے عالمی کمیونیکیشن سروس کے سربراہ ایون واٹسن شامل تھے۔