پاکستان کا آم 79 سے زائد ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے ؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی

19

ملتان، 26جولائی (اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آم پوری دنیا میں اپنی خوشبو اور ذائقے کے حوالے سے ایک خاص پہچان رکھتا ہے ، یہ آم 79 سے زائد ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے اور زرمبادلہ کمایا جاتا ہے۔

وہ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ مینگو فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے آم کا کوئی ثانی نہیں ہے۔جنوبی پنجاب کی مٹی کی تاثیر اور  آب و ہوا کے اثر کی وجہ سے آم کا مٹھاس کئی گنا بڑھ جاتا  ہے۔سرائیکی زبان اور  جنوبی پنجاب کے لوگوں بھی آم کی طرح میٹھے  ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی بڑھتی آبادی کی وجہ سے  ہاوسنگ کالونیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہےاور  ہمارا گرین کوور کم ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہمیں موسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سےنمٹنے کے لئے ہمیں بھرپور شجرکاری  کرنا ہوگی اور  دوسرے درختوں کی شجر کاری کےساتھ ساتھ آم کی شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا۔

 فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ رہائشی کالونیوں اور  شہروں  میں مینگو سٹریٹ اور مینگو روڈ کے نام سے سڑکیں منسوب کی جائیں اور ان کے اطراف میں آم کے درخت لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی آم کے درخت پر پھل کی پیداوار بڑھانے پر تحقیق کرے اور آم کے باغات میں اضافہ کے لئے حکمت عملی تیار کرے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ،سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی ،یونیورسٹی آف انجینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی  کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران،وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پشاور علی احمد خان،زاہد زمان گردیزی ، ممتاز خان ،مقصودہ انصاری، ترقی پسند کاشتکار اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔