اسلام آباد،23جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری او ر مواصلات عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان چین سمیت 124ملکوں کے سرمایہ کاروں کے لئے فوری بزنس ویزہ کی سہولت دے رہا ہے، پاک چین کاروباری تعلقات میں اضافہ سارے خطے کی ترقی کا باعث بنے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر تجارت جام کمال خان اور طارق فاطمی کے ہمراہ چین کے سفیر ژیانگ زوڈنگ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ میں اعلیٰ سطحی بریفنگ کے دوران بات کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، چین سے تجارت کا فروغ بورڈ آف انوسٹمنٹ اوروزارت تجارت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ چین سے پاکستان میں ”میچ میکنگ انڈسٹری” کے تحت صنعتوں کے قیام کا جائزہ، 7 بڑے شعبے منتخب کیے گئے جن میں طبی آلات،پلاسٹک، ٹیکسٹائل، لیدر، خوردنی گوشت، فروٹ و سبزیاں اور ویسٹ شامل ہیں۔
اس موقع پر عبدالعلیم خان نے چین کے سفیر ژیانگ زوڈنگ کی آمد اور بریفنگ سیشن میں شرکت کاخیرمقدم بھی کیا۔عبدالعلیم خان نے مزید چینی کمپنیوں کو پاکستان آنے اور سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی اور کہا کہ چینی بھائی ہمارے مہمان ہونگے ان کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائیں گے،ایسے عناصر جو پاک چین تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں وہی امن و امان کا مسئلہ پیدا کرتے ہیں۔
بریفنگ کے بعد چین کے سفیر ژیانگ زوڈنگ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔