لاہور،27 جولائی (اے پی پی): سیف سٹی کا جدید پولیسنگ کی جانب ایک اور اہم قدم، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے واٹس ایپ بیسڈ سروسز کا آغاز کر دیا جس کے تحت شہری پولیس کی تمام سروسز فنگر ٹپس پر حاصل کرسکیں گے۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق شہری سیف سٹی واٹس ایپ پر ایمرجنسی 15 سروس،ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن،ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں،ٹریفک، ای چالان کی معلومات،کرائم سٹاپرز سروس خود کار سسٹم سے حاصل کر سکتے ہیں۔
ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ شہری انگریزی اور اردو زبانوں میں سروسز حاصل کرسکتے ہیں۔ واٹس ایپ پر تمام میسیجز بغیر کسی چارجز کے بھیجے جا سکیں گے۔انھوں نے بتایا کہ واٹس ایپ سروس ویڈیو، تصاویر وغیرہ کا جواب نہیں دے سکتی۔شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 15 پر ہی کال کریں۔
ترجمان سیف سٹیز نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے کثیر تعداد میں معلومات کے حصول کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،شہری بلا تعطل سروسز کی فراہمی کے لیے اضافی واٹس ایپ نمبر 03070000015 سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔