ملتان، 27 جولائی (اے پی پی ): پھلوں کے بادشاہ آم کا دو روزہ میلہ ایم این ایس یونیورسٹی ملتان میں اختتام پذیر ہو گیا ہے ، مینگو فیسٹیول کا افتتاح ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے ربن اور کیک کاٹ کر کیا۔ ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں دو روزہ مینگو فیسٹیول میں محکمہ زراعت کی اہم شخصیات آم کے ماہرین کے علاوہ فیملیز نے بھی بھرپور شرکت کی۔
مینگو فیسٹیول میں پھلوں کے بادشاہ کی مختلف اقسام میں خاص طور پر انور رٹول، دوسہری، چونسا ،فجری ،مالٹا سرولری، طوطا پری، لال بادشاہ، عظیم چونسا، شان خدا، چناب گولڈ، پتاشہ کے سٹال سجائے گئے تھے اور چہار سو پھیلی آم کی خوشبو میں شرکاء کی ذائقہ دار پھل سے تواضع بھی کی گئی۔
ماہرین زراعت نے ملتانی آم کی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مارکیٹنگ سے دنیا بھر میں کثیر زرمبادلہ کمانے پر زور دیا ۔مینگو فیسٹیول میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی، سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل اور دیگر مختلف مہمان شخصیات سمیت طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔