ڈیرہ اسماعیل خان،13 جولائی (اے پی پی):پاکستان بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی محرم الحرام کے سلسلے میں امام بارگاہوں میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ مجالس میں علماء کرام و زاکرین نے واقعہ کربلا اور فلسفہ شہادت امام حسین پر روشنی ڈالی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں یکم سے 10 محرم الحرام تک کل 642 مجالس عزاء منعقد کی جائیں گی جبکہ 19 علم و ذوالجناح کے جلوس اور 19 تعزیوں سمیت کل 700 سےزائد پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
یکم محرم سے ہی ضلع بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ امام بارگاہوں پر سیکیورٹی کیمرے نصب کر دئیے گئے جبکہ مجلس میں آنے جانے والے عزاداروں کی جامع تلاشی لی جاتی ہے۔ پولیس و سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ رضاکار بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیےرہےہیں ۔
ضلع میں یکم محرم الحرام سے دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کو 4 زون اور 8 سیکٹرز اور 14 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر زون کی کمانڈ ایس پی رینک، سیکٹر کی کمانڈ ڈی ایس پی جبکہ سب سیکٹرز کی کمانڈ ایس ایچ او کررہے ہیں ۔ پولیس کے 8500 جوان و افسران اپنی مخصوص ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں ۔ ڈیرہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کی گئیں ہیں۔سیکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے ایلیٹ فورس، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی یا ناگہانی صورتحال سے نمٹے کیلئے پاک فوج کے خصوصی دستے بھی ہائی الرٹ ہیں ۔
یکم محرم الحرام سے ضلع بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری جبکہ 9ویں اور 10ویں محرم الحرام کو موٹر سائیکل کے استعمال پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔