قصور،13جولائی(اے پی پی): دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پیشگی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ولے والا ہاکوالہ قصور کا دورہ کیا اور پاک فوج اور محکمہ آباشی کے افسران کے ہمراہ بندوں کا جائزہ لیا۔
کمشنر لاہور کو ایکسئین محکمہ آبپاشی نے دریائے ستلج میں پانی اور بندوں پر انتظامات پر بریفنگ دی۔کمشنر نے ولے والہ گاؤں کے بند کے قریب پانی کے بہاؤ اور بند کی مضبوطی پر بریفنگ لی۔
کمشنر لاہور زید بن مقصود نے کہا کہ دریائے ستلج کے کیچمنٹ ایریا میں غیرمتوقع بارشوں کے امکان کے تحت پیشگی انتظامات ناگزیر ہیں، پی ڈی ایم اے نے امسال نسبتاً زیادہ بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی ہمسایہ ملک میں بارشوں اور مون سون پیٹرن پر مکمل کام کررہا ہے،ضلعی انتظامیہ قصور تمام محکموں کیساتھ مکمل رابطے میں ہے،پیشگی ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں آبی بہاؤ مکمل طور پر نارمل ہے،آج پیشگی ورکنگ کا جائزہ لیا ہے۔