اسلام آباد، 02جولائی( اے پی پی): کھیلوں کے صحافیوں کے عالمی دن کے موقع پر منگل کو یہاں راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں سیکرٹری پاکستان سکواش فیڈریشن عامر نواز نے کہا ہے آج کے دن کی مناسبت سے میں کھیلوں کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کھیلوں کے صحافیوں کی تاریخ بہت پرانی ہے اور سپورٹس جرنلسٹس معاشرے کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکواش ہمارا ورثہ ہے اور کھیلوں کے صحافیوں کا سکواش کو پروموٹ کرنے میں بہت اہم کردار ہے۔
عامر نواز نے کہا کہ آج کے دور میں میڈیا کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی اور معاشرے میں فلاح کے لیے کھیلوں کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جون کے مہینے میں ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ کا انعقاد کیا، اس میں 12 سے زائد ممالک کے کھلاڑیوں نے شرکت کی، پاکستان نے اس میں 2 گولڈ، 2 سلور میڈلز جیتے ہیں جس پر ورلڈ سکواش اور ایشین سکواش نے بھی پاکستان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
تقریب میں کھیلوں کی فیڈریشن کے عہداران و نامور کھلاڑیوں اور اہم شخصیات، راولپنڈی سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایاز اکبر یوسفزئی ، صدر محسن علی، سیکرٹری فیصل ساہی اور دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ آج دنیا بھر میں کھیلوں کے صحافیوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے جس دوران کھیلوں سے منسلک صحافیوں کی کاوشوں،ان کی پیشہ ورانہ تربیت و تعلیم ان کو درپیش مشکالات کو اجاگر کیا جارہا ہے۔