گوجر خان،30 جولائی( اے پی پی): مون سون اور تیز بارشوں کے سلسلے کے بعد گوجرخان تحصیل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر آفس گوجرخان میں ایمرجنسی مانیٹرنگ روم قائم کر دیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرخضر ظہور گورائیہ نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام ادروں میں افسران سمیت تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، تمام افسران سمیت دیگر عملہ ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گے، شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تحصیل میونسپل کمیٹی اور اے سی آفس گوجرخان کے نمبرز پر رابطہ کریں جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
انڈر پاس میں بارشی پانی جمع ہونے کی شکایت پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان نے انڈر پاس کا دورہ کیا اور انڈر پاس میں موجود پانی کو نکالنے کے عمل کی خود نگرانی کی ہے۔
دوسری جانب جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات کے باعث سیفٹی بلاکس ٹوٹ جانے اور گرنے پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ نے نوٹس لیتے ہوئے جی ٹی روڈ پر ٹوٹے اور گرے ہوۓ سیفٹی بلاکس کو مرمت کر کے سیفٹی بلاکس کو متعلقہ جگہوں پر رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔