پشاور،20 جولائی (اے پی پی ):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر بانی رکن محمد آصف ہاشمی نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک اور بالخصوص صوبہ کی سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک نے خیبرپختونخوا کے آئینی منصب پر فیصل کریم کنڈی کی تعیناتی کو پارٹی قیادت کا مستحسن فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کے منصب پر ایک باوقار، مخلص اور محنتی انسان کی موجودگی اس عہدہ کے وقار میں مزید اضافہ کرتی ہے گورنر خیبرپختونخوا جس متحرک انداز سے صوبہ میں مسائل کے حل، یوتھ انگیجنٹ، وویمن امپاورمنٹ اور کلچر کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو جدید ضروریات سے ہم آہنگ فنی مہارتوں اور دیگر تعلیمی سہولیات کے حوالہ سے کوشاں ہیں وہ لائق ستائش ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک محمد آصف ہاشمی کے نیک جذبات پر انکا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ قیادت کے اعتماد پر پورا اتروں اور اللہ اور اسکی مخلوقِ کے سامنے سرخرو رہوں۔