اسلام آباد،10 جولائی(اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، خیبرپختونخوا میں مواصلات کے نظام کی بہتری کے لیئے سرگرم، تاجکستان دورہ سے واپسی کے بعد نیشنل ہائی وے ت کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ این ایچ اے کے چیئرمین شہریار سلطان اور دیگر حکام نے گورنر کو بریفنگ دی۔رکن صوبائی اسمبلی احمد کنڈی بھی انکے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیئے تاجکستان اور پاکستان کے درمیان وا خان روٹ کی بحالی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ چترال دیر چکدرہ روٹ متعلقہ علاقوں کی ترقی کے لیئے انتہائی اہم ہے۔
این ایچ اے حکام نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بریفنگ میں بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹبی قیصرانی ، ڈیرہ غازی خان ، جام پور ، راجن پور دورویہ سڑک پر کام دو سال میں مکمل ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ کلور کوٹ ڈیرہ اسماعیل خان روڈ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے کے لیئے انتہائی ضروری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے درابن مغل کوٹ بین الصوبائی روڈ کی بحالی اور پلوں کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ سی پیک ہکلہ یارک روٹ پر پنیالہ انٹرچینج کا قیام انتہائی ضروری ہے، ہکلہ یارک روٹ پر حادثات میں بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لیئے ٹراما سنٹرز قائم کیئے جائیں۔