لاہور،23جولائی(اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن آف پنجاب کے وفد نے منگل کو یہاں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو اللہ تعالیٰ نے بے انتہا صلاحیتوں سے نوازا ہوا ہے اور وہ تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ان جیسے باہمت افراد ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے سہولتیں پیدا کرنا حکومت اور معاشرے دونوں کا فرض ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن آف پنجاب انتہائی قابل اور پڑھے لکھے بصارت سے محروم افراد کا ایک مضبوط نیٹ ورک ہے جو نابینا افراد کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔وفد نے گورنر پنجاب کو سرکاری ملازمین نابینا افراد کا سفری الاونس بڑھانے، اپنا گھر،اپنی چھت سکیم میں کوٹا مختص کرنے اور ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال مختص کرنے کے مطالبات پیش کیے ۔
گورنر پنجاب نے وفد کے مطالبات کو متعلقہ حلقوں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔وفد میں صفیہ اسحاق چیئرپرسن بلائنڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن، سرپرست اعلی بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن پروفیسر افتخار احمد بخاری,صدر بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن محمد مظفر ، محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے اساتذہ جابر حسین، احمد کریم، محمد مدثر اور دیگر شامل تھے۔