کوئٹہ، 05 اگست (اے پی پی ):گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ آرٹیکل 35اے و370کاخاتمہ اقوام متحدہ کے چارٹرآف ڈیموکریسی کی خلاف ورزی ہے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کے چارٹرآف ڈیموکریسی کے تحت اپنے فیصلے کااختیار حاصل ہے،بھارت نے 5اگست 2019ءکو آرٹیکل 35اے اور 370کا خاتمہ کرکے کشمیر کی خصوصی ختم کردی جو اقوام متحدہ کے چارٹر آف ڈیموکریسی کے خلاف ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نےیوم استحصال کشمیر کے حوالے سے نکالی گئی ریلی وبلوچستان اسمبلی چوک پر جلسے سے خطاب میں کیا۔ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اسرائیل کی طرز پر آباد کاری چاہتے ہے ، 5 اگست کے فیصلے کو دنیا نے بھی مسترد کیا ہے اور پاکستان نے بھی بھارت کا کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے ،۔انہوں نے کہا کہ مودی کے اس عمل سے بھارت کا اپنا آئین پامال ہوا ،کشمیریوں کو جو آزادی حاصل تھی وہ سلب کر دی گئی۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا، کشمیر کا زبردستی بھارت کے ساتھ الحاق بھارتی آئین و انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے چارٹر آف ڈیموکریسی کے خلاف ہے۔
اس موقع پر تقریب میں موجود اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے، بھارت پاکستان، پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کے درمیان نفرتیں بڑھا کر ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں لیکن ان کے عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے آپس میں اتحاد قائم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور 25 کروڑ عوام مودی جیسے کارٹونوں کو شکست پاس دیں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزراء،مشیر،پارلیمانی سیکرٹریز،اراکین اسمبلی بخت محمد کاکڑ،حاجی علی مدد جتک،راحیلہ حمید درانی،میر سلیم کھوسہ،نور محمد دمڑ،میر محمد صادق عمرانی،نسیم الرحمن ملاخیل،حاجی ولی محمد نورزئی،سردار مسعود لونی،میر لیاقت لہڑی، مینا مجید بلوچ، ہادیہ نوازنے بھی تقریب میں شرکت کی۔