سکھر، 05 اگست (اے پی پی):یوم استحصال کشمیر پر ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو کی قیادت میں میونسپل سٹیڈیم سکھر سے سکھر پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں میونسپل کمشنر سکھر میونسپل کارپوریشن، اسسٹنٹ کمشنرز، روینیو ،صحت ،تعلیم و دیگر محکموں کے افسران و ملازمین، تاجر برادری این جی اوز کے نمائندوں، شہریوں، وکلاء اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ریلی کے شرکاء کی جانب سے کشمیریوں کے حق میں فلک شگاف نعرے بازی بھی کی گئی اور ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرس تھے جن میں بھارت کے کشمیریوں ناجائز تسلط کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے کہا کہ بھارت کشمیر پر جبری تسلط مسلسل برقرار رکھے ہوئے ہے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے جبکہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور آزادی اظہار رائے پر بندش نا قابل برداشت عمل ہے۔
ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کے منظور کردہ قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری ہمارے بھائی ہیں، بحیثیت پاکستانی مشکل کی ہر گھڑی میں ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہونگے، انہوں نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکار کی جانب سے نافذ کردہ کالے قانون کی کل بھی مذمت کی تھی اور آج بھی سخت مذمت کرتے ہیں، ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے کہا کہ مودی سرکار نے 5 اگست 2019ء میں پارلیمنٹ سے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر کے کشمیریوں کو اکثریت سے اقلیت میں بدلنے کی بہیہمانہ سازش کی ہے، جسے کشمیری کامیاب ہونے نہیں دینگے۔