لاہور، یکم اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اچانک جنرل ہسپتال لاہور پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جنرل ہسپتال لاہور میں طبی سہولیات سمیت بارشی پانی کے نکاس کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ پرنسپل پروفیسر سردار الفرید ظفر، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین اور واسا کے عملہ نے اس حوالہ سے بریفننگ دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بارشی پانی کے نکاس کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات الرٹ رہیں۔ لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو کسی بھی پریشانی سے بچانے کیلئے پانی کے نکاس کے انتظامات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ شہر میں تیز اور مسلسل بارش کے باعث شہریوں کی آسانی کیلئے انتظامیہ الرٹ ہے۔ اس موقع پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و جنرل ہسپتال پروفیسر سردار الفرید ظفر، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے ڈپٹی سیکرٹری ولید بیگ اور ایس او جی جواد پیرزادہ، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین اور واسا کے افسران موجود تھے۔