ملتان؛ صوبائی وزیر بلال اکبر خان کا جنرل بس اسٹینڈ نیو ٹرمینل کا دورہ ،ٹکٹ کاوئٹرز، بس شیڈز، ڈسپنسری اور تمام شعبوں کو چیک کیا

14

ملتان، 05 اگست (اے پی پی ):صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے ملتان کا دورہ کیا اور جنرل بس اسٹینڈ نیو ٹرمینل  کا تفصیلی دورہ  کیا ۔انہوں نے ٹکٹ کاوئٹرز، بس شیڈز، ڈسپنسری اور تمام شعبوں کو چیک کی۔

 صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے جنرل بس اسٹینڈ پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 صوبائی وزیر نے اس موقع پر ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کر کے ان کے مسائل بھی سنیں اور حل کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جنرل بس اسٹینڈ پر صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے،مسافروں کے بیٹھنے کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں، پینے کے صاف پانی کی فراہم یقینی بنائی جائے، واٹر فلٹرز بروقت تبدیل کئے جائیں۔

 صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان شہر میں 100 نئی الیکٹرک فیڈز بسیں چلائی جائیں  گی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ملتان کا ٹرانسپورٹ سسٹم مزید بہتر  اور اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے  کہا کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ پبلک ٹرانسپورٹ کو روڑ پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

صوبائی وزیر  نے کہا کہ  پبلک ٹرانسپورٹ کی فٹنس کے لیے ڈیجیٹل فٹنس سسٹم لایا جا رہا ہے، فٹنس سرٹیفکیٹس اور گاڈی کی نمبر پلیٹ کے ساتھ کیو آر کوڈ لگایا جائے گا، کیو آر کوڈ کے ذریعے گاڑی کی فٹنس کو چیک کیا جا سکے گا،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بھی سڑکوں پر نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر کرایوں میں کمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے، زائد کرایہ کی وصولی کی صورت میں مسافر فوری ہیلپ لائن پر کال کریں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے جنرل بس اسٹینڈ پر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔  ایم پی اے اسامہ لغاری، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملتان محسن نثار شیخ اور  ٹرانسپورٹرز  بھی انکے ہمراہ  موجود تھے۔