یوم استحصال کشمیر : خانیوال میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سیمینار و ریلی کا انعقاد

14

خانیوال  ،5 اگست (اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خانیوال  میں یوم استحصال کشمیر سیمینار کا ضلع کونسل ہال  میں انعقاد ہوا ۔

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر خانیوال  میں یوم استحصال کشمیر پر  ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں سیمینار منعقد ہوا، جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری، ڈی پی او اسماعیل کھاڑک  اور ممبر پنجاب اسمبلی بیرسٹر اسامہ فضل چوہدری تھے۔

سمینار میں علماء وکلاء اساتذہ طلباء وطالبات، سیاسی سماجی کارکنوں،  کاروباری شخصیات سرکاری افسران اور سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار سے ایم پی اے اسامہ فضل چوہدری ، ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری، ڈی پی او محمد اسماعیل کھاڑک نے خطاب کیا  جس میں انہوں نے کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور محکوم و مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے حوالے سے بات کی ،انہوں نے  عالمی برادری پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے پر اپناکردار ادا کریں۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کیلئے ریلی بھی منعقد ہوئی۔ ریلی میں ڈی پی او محمد اسماعیل کھاڑک ،ایم پی اے بیرسٹر اسامہ فضل چوہدری سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی کے افراد نے  شرکت کی۔