اوکاڑہ ،21جنوری (اے پی پی ):موجودہ حالات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث والدین کے لیے اپنی بچیوں کی شادی کرنا انتہائی مشکل بن چکا ہے ،حکومت پنجاب کی جانب سے پیش کیے جانے والے پروگرام دھی رانی کے تحت مستحق والدین کی اس پریشانی کو کم کر دیا ہے۔ اسی سلسلہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر محکمہ سوشل ویلفئیر کے زیر اہتمام اوکاڑہ کی نجی مارکی میں مستحق افراد کی بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کی گئی جس میں75 جوڑے شادی کے بندھن میں گئے حکومت پنجاب کے اس اقدام سے نو بیاہتہ جوڑوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
اجتماعی شادیوں کی تقریب میں محکمہ سوشل ویلفئیر کی جانب سے بارات لے کر آنے والے دولہوں اور باراتیوں کا شاندار استقبال کیا گیا اور پرتکلف کھانے سے تواضع کی گئی اس موقع پر تمام جوڑوں کو ایک ایک لاکھ روپے سلامی جبکہ 13 گھریلو اشیاء ضروریہ بطور تحفہ پیش کی گئیں۔
خصوصی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مقامی سیاسی قیادت اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت سماجی شخصیات نے بطور مہمان شرکت کی۔
مستحق خاندانوں نے حکومت پنجاب کے اس بہترین اقدام کو خوب سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا ۔