لاہور،17جنوری(اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی و خطیب بادشاہی مسجد مولاناعبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم عسکری اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،فلسطین اوراسرائیل میں جنگ بندی پرمعاہدہ مشرق وسطی کے امن کیلئے خیر کا باعث بنے گا ، پاکستان کا بچہ بچہ فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے،علامہ عبد القادر آزاد نے ہمیشہ اتحاد امت کیلئے کام کیا، وزیراعلیٰ مریم نواز کے خواتین کے حقوق ،صاف ستھرا پنجاب اور بچوں کی تعلیم کے حوالے سے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں بادشاہی مسجد میں مولانا عبدالقادر آزاد کی یاد میں 22 ویں سالانہ ”داعی اتحاد امت کانفرنس ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر مذہبی امور اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشن لاہور محمد فیصل کامران، سہیل وڑائچ، مفتی مبشر احمد ابو خالد، مولانا عبداللہ، مولانا سردار محمد خان لغاری، مولانا پیر مسعود قاسم قاسمی ،علامہ محمد رشید ترابی اور نامورعلمائے کرام سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔
مولاناعبدالخبیر آزاد نے کہا کہ غزہ اور فلسطین پر جو ظلم اسرائیل نے ڈھائے ہیں ،اس کا حساب اسے دینا ہوگا، پاکستان کا بچہ بچہ فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے، فلسطین اور اسرائیل میں جنگ بندی امن معاہدہ کو ہم سراہتے اور شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام کی مشکلات کا حل امت کے اتحاد میں ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے، افواج پاکستان اور سکیورٹی کے تمام ادارے قوم کے لئے باعث فخر ہیں، علمائے کرام ممبر و محراب کے ذریعے مذہبی ہم آہنگی، رواداری، تشدد سے پاک معاشرہ اور پیغام پاکستان کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں،آج ہمیں دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک مستحکم، مضبوط اور خوشحال پاکستان کو لیکر آگے بڑھنا ہوگا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ غزہ اور اسرائیل میں جنگ بندی کا معاہدہ مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے خیر کا باعث بنے گا، اسرائیل کو غزہ میں اپنے مظالم کا حساب و جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرم میں معاہدہ امن سے شر پسندوں کا ملک دشمن ایجنڈا ناکام ہوگا، پاکستان کی سلامتی و تحفظ کے لیے پوری قوم حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کے خواتین کے حقوق ،صاف ستھرا پنجاب اور بچوں کی تعلیم کے حوالے سے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا ڈاکٹر سید محمد عبدالقادر ازاد کی روشن خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا،وہ انقلابی روحانی شخصیت کے مالک تھے ،انہوں نے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے بھر پور جدوجہد کی، وہ تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف تھے ،انہوں نے وطن عزیز پاکستان ریاستی اداروں اور افواج پاکستان کے خلاف بغاوت کو حرام قرار دیا تھا، وہ ایک پرامن اور مستحکم خوشحال پاکستان کے لیے جدوجہد کرتے رہے اور انتھک جدوجہد کے بعد پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا ڈاکٹر سید عبدالقادر آزاد نے ہمیشہ پاکستان کے حق میں آواز بلند کی اور تمام ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھایا، وہ مذہبی تعصب اور تنگ نظری کے سخت خلاف تھے ،ان کے پیش نظر ہمیشہ وسعت قلبی کے ساتھ ہر فریق کی بات سننا اور معاف کرنا رہا۔انہوں نے ملک میں فسادات کی آگ کو بجھا دیا اور امن وسلامتی کے چراغ روشن کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اللہ کریم کا کرم ہے کہ اس نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور اس سے بھی بڑا کرم یہ ہے کہ نبی کریمﷺکے ہم امتی ہیں ،آج کی کانفرنس شاندار ہے جس میں جید علما موجود ہیں، ان کی دل سے عزت کرتا ہوں، جن معاشروں میں علماء کی بات نہیں سنی جاتی وہاں بربادی آتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالقادر آزاد کی ذات کا خاصا ہے کہ ان کے شاگردوں میں عربی شاگرد بھی وسیع تعداد میں موجود ہیں،بادشاہی مسجد میں آنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، جہاں شاعر مشرق علامہ اقبال مدفون ہیں ۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ علامہ عبدالقادرآزاد نے ہمیشہ اتحاد امت کے لیے کام کیا، ان کا کام نظر آتا ہے کہ آج سٹیج پر تمام مکاتب فکر کے لوگ موجود ہیں ،مولانا عبدالقادر آزاد عظیم انقلابی و روحانی شخصیت کے مالک تھے، اسلامی سربراہی کانفرنس 1974 میں انہیں تمام اسلامک ممالک کے سربراہوں کی امامت کا شرف حاصل ہوا ،ان کا مشن امن، محبت ،اخوت، اتحاد بین المسلمین کو فروغ اور استحکام پاکستان تھا۔
کانفرنس کے آخر میں تمام علما ئے کرام نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اظہار یکجہتی کیا اور پاکستان کی سلامتی، افواج پاکستان کی مضبوطی، عالم اسلام کے اتحاد و خوشحالی، مقبوضہ کشمیر، شام لبنان اور فلسطین و غزہ کے مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔