الہدیٰ  انٹرنیشنل سکول کے زیر اہتمام تین روزہ اسلامی نمائش“آغازِ تخلیق سے انجامِِ کائنات تک ”  کا انعقاد

1

اسلام آباد، 3فروری(اے پی پی): الہدیٰ  انٹرنیشنل اسکول کے زیر اہتمام تین روزہ اسلامی نمائش “آغازِ تخلیق سے انجامِِ کائنات تک ”  منعقد کی گئی۔

نمائش میں اسلامی نقطہ نظر سے تخلیق کے آغاز سے لے کر کائنات کے انجام تک کے سفر کو پیش کیا گیا۔ معلوماتی پینلز، دلچسپ تحقیق،سائنسی حقائق اور طلبا کی شرکت نے نمائش کو چار چاند لگادیے۔

 یہ نمائش ہر عمر اور طبقے کے افراد کے لیے ترتیب دی گئی تھی، جس کا مقصد اسلامی تعلیمات کو آسان زبان اور عام فہم انداز میں پیش کرتے ہوئے زندگی کی حقیقت کو اجاگر کرنا اور انسان کو مقصدِ تخلیق سے جوڑنا تھا۔

طلباء نے نمائش میں آئے شرکاء کو اپنے نمائشی ماڈلز پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ نمائش میں ڈائریکٹر ٹیسٹ ڈویلپمنٹ مرزا علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

وزارتِ تعلیم کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری سید جنید اخلاق، ڈائریکٹر ایس۔ٹی۔آئی ڈاکٹر مریم شنواری،ڈاکٹر نفیسہ احمد، ڈاکٹر علی عابد نظار دیگر معززین ،طلبہ کے والدین اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے طلبہ کی محنت،تحقیقی و تخلیقی صلاحیتوں اور اساتذہ کی کاوشوں کو خوب سراہا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور الہدیٰ کی تعمیری  سرگرمیوں کو عصرِ حاضر کے اداروں کے لیے  مشعلِ راہ قرار دیا۔

اس  نمائش کے ذریعے  جہاں حاضرین نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں تخلیق کے سفر کو سمجھا وہاں نہ صرف روحانی تحریک حاصل کی بلکہ ایک خوبصورت اجتماعی تجربے سے بھی لطف اندوز ہوئے۔