کمشنر ملتان ڈویژن مریم کریم خان نے کہا ہے کہ شہر اولیاء کی تہذیب کو مد نظر رکھ کر تزئین و آرائش کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژن کی خوبصورتی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ڈویژن کی خوبصورتی کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک دیا۔انہوں نے کہا کہ موسم بہار میں پھولوں کی بہار کے لیے ابھی سے تیاریاں کی جائیں اورپارکوں کی اپ گریڈیشن کر کے شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کئے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے، شہر کے داخلی خارجی راستوں کی تزئین و آرائش کا پلان مرتب کیا جائے۔کمشنرملتان نے کہا کہ زبانی دعووں کے برعکس عوام کو بیوٹیفکیشن پر عملی کام نظر آنا چاہیے۔
انہوں نے ڈویژن کی نئی اے ڈی پی کے لیے سکیمیں بنانے کا حکم دیا، اہم چوکوں، ٹریفک سگنلز کو فنکشنل کرنے بارے رپورٹ بھی طلب کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی ضرورت، پبلک ویلفیئر کو مدنظر رکھ کر سکیمیں مرتب کی جائیں۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔