لاہور، 26 فروری (اے پی پی): صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 29 واں اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ عمران سکندر بلوچ اور بورڈ کے دیگر ممبران و سینئر افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین منصوبہ پر ابتدائی ورکنگ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں PMA ہیڈ کوارٹر کیلئے نئی بلڈنگ کے ڈیزائن اور تعمیر پر بریفنگ دی گئی۔ میٹرو اسٹیشنز پر سیکیورٹی سسٹم اور دیگر معاملات کو مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔
صوبائی وزیر نے میٹرو اسٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کیلئے ورکنگ کرنے کی بھی ہدایت دی۔ بلال اکبر خان نے کہا کہ میٹرو اسٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سے کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہو جائیگی۔
انھوں نے کہا کہ 27 الیکٹرک بسوں سے لوگوں کو آرام دہ اور سستی سفری سہولت حاصل ہوگئی ہے۔ میٹرو بسیں اور اورنج لائن ٹرین بھی عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ ہمارا اگلا ہدف دیگر شہروں میں بھی ماس ٹرانزٹ کے تحت بڑے منصوبوں کی تکمیل کرنا ہے۔