لاہور، 27 فروری(اے پی پی):صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین نے قرآن کمپلیکس کا دورہِ کیا اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے اجلاس کی صدارت کی۔ چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل ومتحدہ علماء بورڈ پنجاب ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بورڈ کی ورکنگ اور کارکردگی بارے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ،ڈی جی اوقاف اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ متحدہ علماء بورڈ نے اجلاس میں شرکت پر ممبران کے لئے اعزازیہ کی بحالی کی منظوری دی گئی۔
صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں قیام امن کے فروغ میں متحدہ علماء بورڈ کا کلیدی کردار ہے۔ انھوں نے کہا کہ علماء بورڈ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے نفرت آمیز اور اشتعال انگیز مواد پر بھی نظر رکھے کیونکہ اتحاد اور بھائی چارے کے جذبات اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ خاتم النبیین یونیورسٹی کو فعال کرکے دینی علوم کے فروغ اور تحقیق کا حقیقی مرکز بنائیں گے۔ مساجد اور مزارات کی صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کیلئے فورس بنا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اوقاف کی زمینوں پر ہسپتال بنائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ بورڈ بہترین کام کررہا ہے چاہتا ہوں کہ یہی بورڈ کام جاری رکھے۔ قانون میں گنجائش ہو تو بورڈ میں مزید ارکان بھی شامل کئے جا سکتے ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ مقاصد کے حصول کیلئے متحدہ علماء بورڈ کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام امن،برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ بحثیت امت مسلمہ ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ امت مسلمہ میں اتحاد کے فقدان کے باعث کشمیر اور فلسطین کے لوگ مظالم برداشت کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ممالک معاشی طور پر ہم سے آگے نکل گئے ہیں۔ بدقسمتی سے ہم ایک دوسرے کی غیبت اور ٹانگیں کھینچنے میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بحیثیت قوم اتحاد کی قوت کے ساتھ آگے بڑھیں۔
سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ کا قیام امن اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے میں تاریخ ساز کردار ادا کر رہا ہے ۔ اشتعال انگیز تحاریرو تقاریر اور نفرت آمیز لٹریچر کی روک تھام کیلئے بورڈ پوری طرح متحرک ہے۔