لاہور، 27 فروری(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں آٹے اور چینی کے نرخوں میں واضح ریلیف جاری کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ پنجاب شعیب خان جدون نے بتایا کہ لاہور ،گوجرانوالا، گجرات اور راولپنڈی کے اضلاع میں 10 کلو آٹا تھیلوں پر 25 سے 75 روپے تک ریلیف جبکہ فیصل آباد ، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن کے اضلاع میں 20 سے 80 روپے تک فی 10 کلو تھیلا اور ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان کے اضلاع میں 30 سے 85 روپے 10 کلو تھیلے میں ریلیف دیا جارہا ہے۔
ڈی جی فوڈ پنجاب نے کہا کہ حکومتی ریلیف بازاروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1250 تھیلے آٹا فروخت ہوچکا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1730 کلو چینی فروخت ہو چکی ہے، عوام تک سستی اشیاء خورونوش کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
شعیب خان جدون نے بتایا کہ آٹے کے تھیلوں کی قیمت میں ریلیف وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر دیا جارہا ہے، جبکہ انڈسٹری کے تعاون سے متعدد اشیاء سہولت سٹالز پر مارکیٹ ریٹ سے بھی کم قیمت پر دستیاب اور چینی اور آٹا تھیلوں کے سٹاک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔