لاہور، 27 فروری(اے پی پی):وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب بلال اکبر خان کی زیر صدارت راولپنڈی تا مری خوبصورت اور محفوظ سفر فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اور نیسپاک سمیت دیگر متعقلہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مری ٹورسٹ گلاس ٹرین کی فزیبلٹی اسٹڈی پر جاری پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے گلاس ٹرین منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کیلئے تمام ابتدائی ورکنگ مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے جلد مری ریل لنک منصوبے کی بہترین فزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہو جائے گی جس سے مری ریل لنک منصوبہ سیاحت کیلئے نئے دروازے کھول دے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ منصوبے کے تمام پہلوئوں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں کیونکہ محفوظ سفر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔