چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز،پی ایچ اے راولپنڈی کے اسٹیڈیم روڈ پر خصوصی انتظامات

1

اسلام آباد،20فروری(اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے راولپنڈی شہر میں چیمپیئنز ٹرافی کے میچز کے انعقاد کے پیش نظر،اسٹیڈیم روڈ کے گرین ایریاز اور گزرگاہوں کی  تزئین و آرائش جاری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر اسٹیڈیم روڈ کو کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپیئنز ٹرافی کے میچز کے انعقاد کے باعث مزید خوبصورت بنانے کے لیے رنگ برنگے پھولوں اور پودوں کی سجاوٹ کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ آنے والے کرکٹ شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ راولپنڈی شہر کی خوبصورتی،سجاوٹ،رنگین اور سرسبز پھولوں سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔

احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر اسٹیڈیم روڈ پر ایک کھلاڑی کا خوبصورت اور شاندار مجسمہ بھی نصب کیا گیا ہے،مجسمہ ایک بلے باز کا ہے جو کرکٹ کِٹ پہنے ہوئے بینچ پر بیٹھا دکھایا گیا ہےاس کے علاوہ پی ایچ اے کی جانب سے شاہراہوں پر چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ راولپنڈی شہر کے تمام پارکس اور تفریحی مقامات پر عوام کے لیے بہترین سہولیات فراہم کریں گے،راولپنڈی شہر کو پنجاب کا سب سے خوبصورت اور سر سبز شہر بنا کر رہیں گے۔