کاربن کریڈٹ پروگرام سےآلودگی میں کمی،زرمبادلہ میں اضافہ  اورگرین انڈسٹری کو فروغ ملےگا، مریم اورنگزیب

1

لاہور، 22 فروری (اے پی پی): یواین ای پی اورجرمن افیشلز پر مشتمل وفد نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ملاقات کی، ماحولیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا۔

 ملاقات میں لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مابین لکھوڈیرھ لینڈ فل کو کارامد کاربن کریڈٹ میں بدلنے پراتفاق کیا گیا۔ لکھوڈیرھ پنجاب حکومت کا پہلا ایسا پراجیکٹ،جو  آرٹیکل 6 پیرس ایگریمنٹ کے تحت شروع کیاجارہا ہے۔

 سینئر صوبائی وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف انوائرمینٹل فرینڈلی پنجاب کے قیام اورکاربن کریڈٹ کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کا صوبے میں کاربن کریڈٹ پروگرام کے ذریعے پنجاب کو عالمی سطح پر ماحولیاتی لیڈر بنانے کی جانب سفر کااغاز ہو چکا ہے۔

 انھوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر گزشتہ ایک سال سے کاربن کریڈٹ پروگرام پر ای پی اے مصروف عمل ہے۔ کاربن کریڈٹ پروگرام سے آلودگی میں کمی، زرمبادلہ میں اضافہ، اور گرین انڈسٹری کو فروغ ملےگا۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اس پروگرام سے شجرکاری، گرین ٹیکنالوجی، اور عالمی سرمایہ کاری ایک ساتھ ہوگی۔ کاربن کریڈٹ پروگرام سے صاف ہوا، پائیدار معیشت،عالمی منڈی میں پاکستان کی شمولیت،گرین انڈسٹری کی ترقی، روزگار کے نئے مواقع، اور عالمی ساکھ میں بہتریاآئے گی۔ انھوں نے کہا کہ الیکٹرک اورسولر انقلابی اقدامات کے بعداب لینڈ فل ساٸیٹس پر موجود میتھین گیسز کے خاتمے کے لیے گراس روٹ لیول پر کام شروع کیاگیا ہے ایسے ماحول دوست درجنوں پراجیکٹس کی نشاندہی کرلی گئی ہے جن سے آئندہ کاربن کریڈٹس اورخطیر زردمبادلہ حاصل کیا جائے گا۔ یواین ای پی اور SPAR6C نے پنجاب کو عالمی کاربن مارکیٹ کا حصہ بنانے کے لیے تکنیکی و مالی معاونت کا اعلان کیا۔ اس منصوبہ کے تحت پنجاب میں آرٹیکل 6 کے تحت کاربن مارکیٹ کے فروغ کے لیے عالمی اداروں کی معاونت حاصل کی جائیگی۔

 اجلاس میں پنجاب حکومت اور بین الاقوامی اداروں میں گرین انویسٹمنٹ، پائیدار ترقی اور پنجاب میں کاربن کریڈٹ ٹریڈنگ کے لیے مضبوط فریم ورک تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کاربن مارکیٹ میں شفافیت اور پائیداری یقینی بنانے کے لیے پنجاب حکومت کو ماحولیاتی ماہرین کی معاونت حاصل ہے۔ پنجاب میں آرٹیکل 6 کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے عالمی ادارے حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں گے۔ پنجاب میں آرٹیکل 6 منصوبے ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ معیشت کو بھی مضبوط بنائیں گے۔  یواین ای پی اور SPAR6C  نے پنجاب میں ماحول دوست توانائی منصوبوں کے لیے مالی و تکنیکی مدد پر زور دیا۔

ملاقات میں پنجاب حکومت اور عالمی اداروں کا کاربن مارکیٹ کو ترقی دینے کے لیے علم و مہارت کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں آرٹیکل 6 کے تحت پائیدار ترقی کے لیے مختلف شراکت داروں کے ساتھ تعاون کی راہیں کھلیں گی۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب میں کاربن کریڈٹ سسٹم سے مقامی معیشت اور کمیونٹیز کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ سینئر صوبائی  وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کی آمد اور تعاون کے اعلان پر شکریہ ادا کیا۔