ملتان،19 مارچ( اے پی پی ):امامیہ آرگنائزیشن پاکستان ملتان ریجن کے زیرِ انتظام سالانہ تمسک بالقرآن کانفرنس کا انعقاد رضا ہال ملتان میں ہوا جس میں ملک کے نامور علمائے کرام نے شرکت کی اور قرآن مجید کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔
اس بابرکت محفل سے علامہ سید علی رضا نقوی، سید ارشد علی نقوی، علامہ سید سلمان نقوی، علامہ احسان رضی، حیدر انقلابی، علامہ غضنفر علی حیدری نے کہا کہ قرآن مجید رشد و ہدایت کا سرچشمہ اور انسانیت کے لیے ضابطہ حیات ہے جو ہر دور کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے مکمل راہنمائی فراہم کرتا ہے۔ رمضان کی بہارقرآن پاک ہے اس مہینے میں قرآن کی تلاوت عظیم ثواب رکھتی ہے قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی زند گیوں کو سنوار نا چا ہیے۔قرآن کی تعلیمات سے آگہی وابستگی اور عمل پر زور دیتے ہوئے نوجوان نسل کو قرآن کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تاکید کی۔
دیگر علمائے کرام اورمقررین نے کہا قرآن مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں زندگی کے ہر پہلو کا احاطہ کیا گیا ہے اور معاشرتی تقاضوں کی وضاحت کی گئی ہے۔
شرکاء نے اس روحانی اجتماع کو ایک کامیاب اور بامقصد کاوش قرار دیتے ہوئے امامیہ آرگنائزیشن پاکستان ملتان ریجن کے منتظمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔